پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار وسیم عباس شادیوں پر فضول خرچی کرنے والوں پر برس پڑے ہیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار وسیم عباس نے کہا کہ امیر لوگ شادیوں پر فضول خرچی کرتے ہیں جس کا ہمارے دین میں سختی سے منع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادیوں پر فضول خرچی کے جو پیسے استعمال ہوتے ہیں اس سے کئی غریب لڑکیوں کی شادیاں ہو سکتی ہیں مگر اس کے لئے کوئی سنجیدگی سے نہیں سوچتا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اتنا بھی کنجوس نہیں ہونا چاہیے کہ پیسہ خرچ ہی نہ کرے لیکن اتنا بھی فضول خرچ نہیں ہونا چاہیے کہ پیسہ پانی کی طرح بہائے۔
وسیم عباس نے کہا کہ چند ایسے لوگ ہیں جو مل کر اکٹھے جوڑوں کی شادیاں کرواتے ہیں اور جہاں تک مجھ سے ہو سکے میں اپنا حصہ بھی ضرور ڈالتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ وسائل نہیں رکھتے ان کے لئے صاحب ثروت شخصیات کو آگے آنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سی بچیاں ہیں جن کی عمر صرف جہیز نہ ہونے کی وجہ سے گزر رہی ہے اور ان کے والدین ہر روز جیتے اور ہر روز مرتے ہیں۔




















