پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ہر کامیاب شخص کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ہر کامیاب شخص کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہاں تک کہ اُسے مختلف تنازعات میں بھی پھنسا دیا جاتا ہے اور ایسا وہ لوگ کرتے ہیں جو اُس کامیاب شخص سے کم شہرت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید ہمیشہ ہم سے نچلے درجے کے لوگ ہی کرتے ہیں کبھی بھی ہم سے زیادہ کامیاب لوگ ہم پر تنقید نہیں کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ اگر کسی اداکار پر تنقید نہیں ہوتی تو اُسے خود پر غور کرنا چاہیے کہ اُس کے کام میں ایسی کونسی خامی ہے کہ اُسے تنقید کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ کامیاب لوگوں پر ہمیشہ تنقید ہوتی ہے۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ کچھ لوگ میری عُمر کی وجہ سے بھی مجھ پر تنقید کرتے ہیں کہ اسے ابھی تک فلموں میں بطور ہیرو نظر آ رہا ہے تو اُن لوگوں کے لیے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جس دن لوگ میری فلم کا ٹکٹ خرید کر میری فلمیں دیکھنا چھوڑ دیں گے تو اُس دن سمجھ جاؤں گا کہ میں اب ہیرو نہیں رہا یا شاید اب میں اچھا کام نہیں کر رہا۔
اداکار کے مطابق ناقدین جتنی مرضی تنقید کرلیں لیکن اس کے باوجود بھی لوگ پیسے خرچ کرکے سب سے زیادہ میری ہی فلمیں دیکھنے سینما گھروں میں آتے ہیں اور ناقدین تو میری پہلی فلم سے ہی مجھ پر تنقید کرتے آ رہے ہیں اور وہ مستقبل میں بھی تنقید کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں بہت سے اداکار ایسے ہیں جن کے انسٹاگرام پر 10 ملین فالوورز ہیں لیکن جب اُن کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو مشکل سے ایک لاکھ لوگ ہی اُن کی فلمیں دیکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ وہ فالوورز جعلی ہیں یا نہیں لیکن حقیقی مداح وہ ہوتے ہیں جو ٹکٹ خرید کر آپ کی فلم دیکھنے آئیں۔




















