پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ مجھے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے کوئی شکایت نہیں ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ صبا فیصل کا کہنا تھا کہ مجھے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے کوئی شکایت نہیں ہے کیونکہ جب انسان خود کسی کا برا نہیں سوچتا اور کسی کو بدتر نہیں سمجھتا تو اسے اندر سے مطمئن ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسے کوئی کچھ بھی کہتا رہے فرق نہیں پڑنا چاہیے کیونکہ دنیا نے تو رسول ﷺ کو نہیں چھوڑا تو ہم جیسے لوگ کیا چیز ہیں ہماری تو کوئی اوقات ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ تمام مشہور شخصیات کو اپنی کچھ حدود مقرر کرنی چاہیے، عوام کی یہ سوچ غلط ہے کہ شوبز شخصیات کیونکہ اسکرین پر نظر آتی ہیں اور مشہور ہیں تو ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی لوگوں کو سب پتہ ہونا چاہیے۔
صبا فیصل نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کو کسی چھوٹی سی غلطی پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک عام انسان کچھ بھی کرتا رہے اس سے سوشل میڈیا پر کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔




















