Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

والدین کے علاوہ خاندان نے میوزیکل کیرئیر کو قبول نہیں کیا، گلوکار علی عظمت

معروف پاکستانی گلوکار علی عظمت نے کہا ہے کہ والدین کے علاوہ خاندان نے اُن کے میوزیکل کیرئیر کو قبول نہیں کیا۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں گلوکار علی عظمت نے بتایا کہ والدین کے علاوہ خاندان میں سے کسی نے مجھے بطورِ گلوکار قبول نہیں کیا بلکہ دیگر نوکریوں کے مشورے دیتے رہتے تھے جبکہ دادی یہ دیکھ کر رو پڑیں کہ میں میراسی بن گیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں آسٹریلیا پڑھنے جا رہا تھا تو اس سے قبل میں اپنی دادی کو اپنے ایک کانسرٹ میں لے گیا، میری دادی رونے لگی جس پر میں نے ان سے وجہ دریافت کی تو دادی نے روتے ہوئے کہا کہ میں نے تو ویسے ہی بد دعا دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے ماموں بھی کہتے تھے وہ میراسی ہوگئے ہیں، ہم ان سے نہیں ملیں گے جس پر دکھ ہوتا تھا۔

علی عظمت نے کہا کہ کسی نے یہ قبول ہی نہیں کیا کہ میں گلوکاری کرکے پیسے کماؤں، سب یہ ہی مشورے دیتے تھے کہ گلوکار نہیں بننا، ایسا کرو ٹی وی اور ریڈیو کے مکینک بن جاؤ، اگر پڑھنا نہیں ہے تو گاڑی کا مکینک بن جاؤ اور اسی طرح پیسے کما لو لیکن انہیں پتا ہی نہیں تھا کہ ہم تو پیسے کے لیے گاتے ہی نہیں تھے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ ہم تو شوق کے لیے گاتے ہیں، ہمیں کبھی پیسا نہیں ملا بلکہ دوسروں نے ہمارے پیسے مارے ہی ہیں۔