Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’سلطان صلاح الدین ایوبی‘ کا پہلا اردو ٹیزر جاری

مشہور مسلمان کمانڈر ’سلطان صلاح الدین ایوبی‘ کی زندگی پر مبنی پاکستانی-ترک ڈراما سیریز کا پہلا ٹیزر اردو ڈبنگ میں جاری ہوگیا ہے۔

ڈرامے کی شوٹنگ استنبول میں 200 ایکڑ اراضی پر پھیلے سیٹ پر ہوئی تھی، اس ڈرامے کو ترکی زبان میں تیار کیا گیا ہے لیکن اور اب اسے اردو ڈَب میں ریلیز کیا جارہا ہے تاہم ریلیز کرنے کی تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی۔

ٹیزر میں یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’یہ محض ایک شہر ہی نہیں ایک مقصد ہے، جب تک اس مقدس سرزمین پر جابر حکمران رہے گا مسلمان مجبور رہیں گے، آج تمام عالم اسلام اس مجاہد کی راہ دیکھ رہا ہےجو پھر سے عدل و انصاف کا بول بالا کردے گا‘۔

ڈرامے کی 3 گھنٹے کی پہلی قسط 13 نومبر کو ترکیہ ٹی وی ’ٹی آر ٹی‘ پر نشر ہوچکی ہے جبکہ کراچی میں اس کا پریمیئر بھی ہوا تھا۔

یاد رہے کہ صلاح الدین ایوبی (1138-1193) مصر اور شام کے پہلے سلطان اور ایوبی سلطنت کے بانی تھے، جنہوں نے صلیبی ریاستوں کے خلاف مسلم فوج کی قیادت کی، ان کی زیرِ قیادت ایوبی سلطنت نے مصر، شام، یمن، عراق، حجاز اور دیار باکر پر حکومت کی۔

1187 میں حطین کی جنگ کے بعد صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کا کنٹرول صلیبیوں سے دوبارہ حاصل کر لیا تھا جنہوں نے اس سے 88 سال پہلے فلسطین پر قبضہ کر لیا تھا۔