Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گھر والے شادی کے لیے رضامند نہ ہوتے تو بھاگ کر ہر گز شادی نہ کرتی، سنیتا مارشل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ اگر ان کے گھر والے حسن احمد سے شادی کے لیے رضامند نہ ہوتے تو وہ ان سے بھاگ کر ہر گز شادی نہ کرتیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ شروع میں ان کے گھر والے حسن احمد سے شادی کے لیے رضامند نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان انگلینڈ میں رہائش پذیر تھا اور وہ کیریئر کے سلسلے میں پاکستان میں مقیم تھیں جبکہ ان کے گھر والے حسن احمد سے شادی کے لیے تیار نہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ گھر والوں کو منانے کے لیے انگلینڈ گئیں اور ان کی رضامندی سے ہی شادی کی۔

سنیتا مارشل نے بتایا کہ اگرچہ انہیں حسن احمد سے عشق تھا اور وہ ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن انہوں نے پہلے ہی سوچ رکھا تھا کہ اگر ان کے اہل خانہ رضامند نہ ہوئے تو وہ اداکار سے بھاگ کر شادی نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ سنیتا مارشل اور حسن احمد نے 2008 میں شادی کی تھی، جوڑے کے دو بچے ہیں، حسن احمد اسلام جبکہ سنیتا مارشل مسیحیت کی پیروکار ہیں۔