ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان سینیئر اداکار عدنان صدیقی کے مکھیوں اور خواتین سے متعلق دیے گئے حالیہ بیان کے بعد اُن پر برس پڑیں۔
حال ہی میں اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ عدنان صدیقی کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جس پر مجھے بہت خوشی ہوئی تھی لیکن اُنہوں نے حال ہی میں ایک شو کے دوران ایسی بات کردی جسے سُن کر مجھے بہت حیرت ہوئی۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا ایوارڈ ملنے کے بعد عدنان صدیقی کو کیا ہوگیا ہے، یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انسان کا مذاق بھی شاندار ہونا چاہیے لیکن اگر آپ ایسا مذاق نہیں کرسکتے تو آپ کو نچلی سطح کا مذاق کرنے کے بجائے نارمل بات کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدنان صدیقی آپ خواتین کا مکھیوں سے موازنہ کرکے کونسی مثال دے رہے ہیں؟ آپ کو اپنے شاندار کام کی وجہ سے صدارتی ایوارڈ ملا جس کے بعد آپ کے سینس آف ہیومر کا لیول بلند ہونا چاہیے لیکن یہ تو بہت کم ہوگیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ دورانِ شو میزبان نے تو عدنان صدیقی کی مثال پر لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا لیکن اگر یہ مثال میرے شو میں دی گئی ہوتی تو میں شہد کی مکھی بن کر عدنان صدیقی پر ایسے بیٹھتی کہ منہ پر سوجن ہوجاتی اور پھر وہ سوجن دوائی سے ہی ختم ہوتی۔
واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی شو میں دورانِ گفتگو عدنان صدیقی کے ہاتھ پر مکھی آکر بیٹھی تھی جس پر اُن کا کہنا تھا کہ خواتین اور مکھیوں کی مثال ایک جیسی ہے۔
انہوں نے کہا تھا آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے اُتنا ہی دور بھاگیں گی اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جاتی ہیں۔
بعدازاں، عدنان صدیقی نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہوں نے وہ بات مزاحیہ انداز میں کہی تھی، اُن کا ارادہ کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔




















