Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیماری میں کچھ لوگوں کی اصلیت میرے سامنے آئی، اداکارہ ہاجرہ یامین

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ ہاجرہ یامین نے کہا ہے کہ بیماری کے وقت کچھ لوگوں کی اصلیت میرے سامنے آئی۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ ہاجرہ یامین نے بتایا کہ دو سال پہلے مجھے ایک پروجیکٹ کے سیٹ سے ڈینگی بخار ہوگیا تھا لیکن کسی وجہ سے ڈینگی کی تشخیص کے لیے کروائے گئے میرے تمام میڈیکل ٹیسٹ منفی آئے تھے تو مجھے ایک ڈاکٹر نے اینٹی بائیوٹکس لینے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی بائیوٹکس لینے کے بعد مجھے ہیپاٹائٹس اے ہو گیا اور میرا جگر بہت بری طرح متاثر ہوا ایسا اس لیے ہوا کیونکہ ڈینگی بخار میں اینٹی بائیوٹکس نہیں لے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ وقت تھا جب کورونا وبا کا پھیلاؤ بھی عروج پر تھا، میں بہت بیمار تھی، میرا دم گھٹ رہا تھا، میں نے ڈاکٹر کو فون کیا جنہوں نے مجھے فوری طور پر اسپتال جانے کا مشورہ دیا۔

ہاجرہ یامین نے کہا کہ اس وقت میں نے اپنے ایک دو قریبی دوستوں سے رابطہ کیا لیکن کسی نے میری مدد نہیں کی اور مجھے اجنبی لوگ اسپتال لے کر گئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت بیماری میں کچھ لوگوں کی اصلیت میرے سامنے آئی کہ جو لوگ یہ دعویٰ کر رہے ہوتے ہیں کہ ہم اللّٰہ کے بہت قریب ہیں وہ سب سے بڑے جھوٹے ہوتے ہیں کیونکہ کسی بھی نیک انسان کو خود بول کر یہ بتانے کی ضرورت نہیں پڑتی کہ وہ اللّٰہ کے بہت قریب ہے۔