بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ میرے والد کوئی بڑے بزنس مین نہیں تھے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار عامر خان نے اپنے والد کے مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ لاکِٹ نامی یہ فلم تھی جس میں جتیندر، ریکھا اور قادر خان جیسے بڑے اداکار تھے، اس وقت اداکار ایک سال میں تقریباً 30 فلمیں کرتے تھے لہٰذا اگر آپ اتنے مشہور پروڈیوسر نہیں ہیں تو آپ کو زیادہ ترجیح نہیں ملے گی اس لیے میرے والد کو بھی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم ’لاکٹ‘ کی ریلیز کی تاریخ طے نہیں ہو پا رہی تھی اور میرے والد کو اسے بنانے میں آٹھ سال لگے۔
عامر خان نے کہا کہ یہ وہ وقت تھا جب لوگ اپنے پیسوں کے لیے ہماری فیملی کو مسلسل فون کرتے اور ان کی فیملی اپنے برے مالی حالات کا شکار تھی کہ تقریباً سڑکوں پر آگئی تھی۔
اداکار نے بتایا کہ اس وقت والد کو ان مشکلات میں گھرے دیکھ کر تکلیف ہوتی تھی ان کے فون پر ان لوگوں سے جھگڑے بھی ہوجاتے تھے جو اپنے پیسے مانگنے کے لیے فون کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ میرے والد ایک اوسط درجے کے پروڈیوسر تھے جن میں حساسیت تھی اور وہ اچھے اسکرپٹ کا انتخاب کرتے تھے کیونکہ ان کی فلموں نے باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھائی لیکن میرے والد کوئی بڑے بزنس مین نہیں تھے اور ہمیشہ قرض میں ڈوبے رہے شاید والد کو یہ سمجھ نہیں تھی کہ اتنا قرض نہیں لینا چاہیے۔




















