شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار نعمان اعجاز نے پاکستانی ڈراموں کے مواد پر کڑی تنقید کی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں اداکار نعمان اعجاز سے سوال کیا گیا کہ آپ کو سینسر بورڈ کا چیئرمین مقرر کر دیا جائے تو آپ کیا کریں گے؟
جس پر اداکار نے جواب دیا کہ میں تمام پاکستانی ڈرامے بند کر دوں گا کیونکہ آج کل کے ڈراموں میں کوئی معنی خیز کہانی نہیں ہوتی بلکہ ڈراموں میں رشتوں کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ڈرامے میں رشتوں کا احترام ختم کیا جارہا ہے، ہمارے ڈراموں میں ماں، بہن، بیٹی، ساس، نند کو چڑیل دکھایا جاتا ہے جبکہ باپ اور بھائی کو ویلن دکھایا جاتا ہے، میں تو چاہتا ہوں کہ ایسے تمام ڈراموں پر پابندی عائد کردینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ہماری عوام پر افسوس ہوتا ہے کہ وہ اس طرح کے ڈرامے دیکھنا پسند کرتے ہیں، اُنہیں تو اس طرح کے ڈراموں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے کیونکہ کہیں نہ کہیں ڈراموں کے ذریعے یہ منفی چیزیں ہمارے معاشرے میں بھی منتقل ہورہی ہیں۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ ہمارے یہاں ‘نند’ کے نام سے ایک ڈرامہ بہت ہِٹ ہوا تھا کیونکہ اُس ڈرامے میں نند کو منفی اور بُرے کردار میں دکھایا گیا تھا تو لوگوں نے اُس ڈرامے کو بےحد پسند کیا۔
اداکار کے مطابق میں ایسے ڈرامے کرتا ہوں جن سے عوام کو سبق ملے، میں اپنے ڈراموں میں ایسے ڈائیلاگ بھی نہیں بولتا جن کا ہمارے معاشرے پر بُرا اثر پڑے اور نہ ہی کوئی ایسا سین کرتا ہوں جس کا منفی اثر مرتب ہو۔




















