ایران کے مشہور و معروف ہدایتکار محمد رسولوف کو 8 سال قید کی سزا سُنادی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد رسولوف کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے قومی سلامتی کے جرائم کے الزام میں ہدایتکار کو سزا سنائی اور جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔

وکیل نے سوشل میڈیا پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عدالت نے رسولوف کی فلموں اور ڈاکیومنٹریز کو ملکی سلامتی کے خلاف اکسانے اور جرم کرنے کی مثال قرار دیا۔
ایرانی ڈائریکٹر کی نئی فلم کی ریلیز سے قبل انہیں اور ان کی پروڈکشن ٹیم کو حکومت کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ 2022 میں بھی ایک ایرانی عدالت نے رسولوف کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی اور ملکی نظام کے خلاف پروپیگنڈا کے الزام میں 2 سال کے لیے فلمیں بنانے پر پابندی لگادی تھی۔
ایرانی حکام اس سے قبل بھی انہیں متعدد بار گرفتار اور ان کا پاسپورٹ ضبط کر چکے ہیں۔




















