Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ہونیوالے شوٹرز کے تہلکہ خیز انکشافات

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ہونیوالے شوٹرز نے تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹس پر گزشتہ ماہ 12 اپریل کو فائرنگ کی گئی تھی۔ اداکار تو محفوظ رہے تھے تاہم پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن سے تفتیش جاری ہے۔

اداکار کے گھر فائرنگ کرنے والے شوٹرز ساگر پال اور وکی گپتا نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلے یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کہاں کرنی ہے۔ جب ہتھیار اور گولیاں پنویل میں ان کے لیے گئے کرائے کے مکان تک پہنچائے گئے تو ہدف کا بتایا گیا۔

پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں افراد کو لارنس بشنوئی گینگ میں بھرتی کرانے والا انکیت نامی شخص تھا جو ساگر پال کے ساتھ کرکٹ کھیلتا تھا اور وہیں وہ دوست بنے تھے۔

انکت نے ساگر پال اور وکی گپتا کو اچھی رقم کے عوض ایک جگہ فائرنگ کرنے کا کام دیا اور 30 ہزار روپے نقد دے کر انہیں ممبئی کے علاقے پنویل میں کرائے کا مکان لے کر رہنے کا کہا جہاں دونوں ملزمان دو ماہ تک مقیم رہے۔

رقم ختم ہونے پر وہ واپس بہار چلے گئے تو فروری میں گینگ نے انہیں دوبارہ 40 ہزار روپے دے کر کرائے پر مکان لے کر رہنے کو کہا اور اب جو انہیں مکان ملا تھا وہ پنویل سے 60 کلومیٹر دور ہری گرام کے علاقے میں ملا۔ گینگ نے بعد ازاں انہیں موٹر سائیکل خریدنے کی ہدایت کی اور اس کے لیے رقم بھی فراہم کی۔

انمول بشنوئی کی ہدایت پر محمد رفیق چوہدری نے ان شوٹرز سے 8 مارچ کو ممبئی کے مضافاتی علاقے کرلا میں ملاقات کی۔ رفیق چوہدری نے بھی کئی بار سلمان خان کے گھر کی ریکی کی تھی۔ فائرنگ کے واقعے سے دو دن پہلے 12 اپریل کو سلمان خان کے گھر کے باہر ایک ویڈیو ریکارڈ کی گئی اور انمول بشنوئی کو بھیجی گئی۔

دونوں ملزمان اب تک اپنے ہدف سے ناواقف تھے اور جب انہیں اسلحہ پہنچا دیا گیا تو پھر انہیں سلمان خان کے گھر اور فارم ہاؤس جو پنویل کے علاقے میں ہی واقع ہے کا جائزہ لینے کا کہا اور پھر رہائشگاہ پر فائرنگ کرنے کا حکم دیا ساتھ ہی کام مکمل ہونے پر اچھی رقم دینے کا وعدہ بھی کیا گیا۔

14 اپریل کو ساگر اور وکی نے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی اور شہر سے فرار ہو گئے۔ اس کے بعد کرائم برانچ نے ان دونوں کو گجرات سے گرفتار کر لیا۔ ان دونوں کو ہتھیار فراہم کرنے والے انوج تھاپن اور سونو بشنوئی پنجاب سے پکڑے گئے تھے۔

 اس کے علاوہ ان شوٹروں کو پیسے پہنچانے والے محمد رفیق چوہدری کو راجستھان سے گرفتار کیا گیا۔

تفتیشی افسران کے مطابق اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا اس کے علاوہ دیگر مشہور شخصیات کی رہائش گاہوں پر بھی تصاویر کلک کی گئیں۔