پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
مدرز ڈے یعنی ماؤں کا عالمی دن ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔ لیکن اس دن کی کیا تاریخ ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔
مدرزڈے کی تاریخ
مدرز ڈے پہلی بار 1908 میں منایا گیا جب اینا جارویس نامی خاتون نے 1905 میں اپنی والدہ کے انتقال کے بعد مغربی ورجینیا کے شہر گرافٹن میں سینٹ اینڈریو میتھوڈسٹ چرچ میں اپنی والدہ کے لیے ایک یادگاری تقریب منعقد کی۔
وہ چاہتی تھیں کہ والدہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو ایک مقدس دن کے طور پر سمجھا اور منایا جائے۔
اینا ہاروس کی کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914 کو امریکا کے اس وقت کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماؤں کا دن قرار دیا اور پھر گزرتے وقت کے ساتھ دیگر ممالک نے بھی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو منانے کا اعلان کیا۔
مدرز ڈے کا کوئی ایک دن یا تاریخ مقرر نہیں ہے، درجنوں ممالک اس دن کو دوسرے مہینوں میں بھی مناتے ہیں، یہ دن جنوری، فروری اپریل اور مئی سمیت کچھ ممالک میں دسمبر میں بھی منایا جاتا ہے تاہم زیادہ ممالک میں اس دن کو مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔
اس دن کو کسی عالمی ادارے کے تحت نہیں منایا جاتا بلکہ تمام ممالک کی حکومتوں نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا جب کہ عالمی فلاحی تنظیموں سمیت تمام ممالک کی مقامی مذہبی و فلاحی تنظیموں نے بھی اس دن کو منانے کی حمایت کی۔
عالمی طور پر منائے جانے والے دنوں میں سے یہ واحد دن ہے جو سال کے 12 میں سے تقریبا 8 مہینوں میں مختلف دنوں میں دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں میں منایا جاتا ہے، عام طور پر کسی بھی عالمی دن کو دنیا بھر میں ایک ہی دن منایا جاتا ہے۔




















