بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیں گی۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا کہ اگر وہ لوک سبھا الیکشن میں کامیاب ہوگئیں تو وہ ہمیشہ کے لیے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام پچھلے پراجیکٹس مکمل کرنے کے بعد بالی ووڈ کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلمی دنیا جھوٹ ہے، وہاں کی ہر چیز جعلی ہے، سیٹ سے لیکر کرداروں تک سب کچھ جعلی ہے، فلمی دُنیا ایک چمکیلے بُلبلے کی طرح ہے جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں الیکشن جیت کر عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، مجھے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے، میں سیاسی دُنیا میں نئی ہوں اسی لیے ابھی مجھے بہت کچھ سیکھنا ہے۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ اپنے سیاسی کیریئر کے لیے بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ میں الیکشن جیت کر عوام کو خوش کردوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب اداکاری سے بور ہوجاتی ہوں تو میں ہدایتکاری اور پروڈکشن کی طرف آجاتی ہوں کیونکہ مجھے مصروف رہنا پسند ہے لہٰذا اگر میں الیکشن جیت گئی تو عوام کی خدمت میں مصروف ہوجاؤں گی۔
یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سیاسی پارٹی بی جے پی نے اداکارہ کنگنا رناوت کو ہماچل پردیش کے شہر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا ہے۔




















