پاکستان کے مشہور و معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 19 برس بیت گئے ہیں۔
اداکار رنگیلا نے نہ صرف مزاحیہ جملوں بلکہ مزاحیہ حرکات و سکنات سے مزاح کو چار چاند لگا دیے لیکن ان کی سنجیدہ اداکاری بھی قابلِ تعریف ہے۔
افغانسان میں 1937 میں آنکھ کھولنے والے محمد سعید عرف رنگیلا کو اللہ نے ایسی صلاحیتوں سے نوازا کہ ان کے مزاحیہ جملے اور حرکات و سکنات انسان کو ہنسنے پر مجبور کر دیتیں۔
اُن کا شوق باڈی بلڈنگ تھا لیکن روزی روٹی کے لیے فلمی سائن بورڈ لکھے، اداکاری کا شوق ہوا اور جنون اسٹیج تک لے آیا۔
انہوں نے 1958 میں فلم جٹی سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور اپنے بے باک جملوں اور مزاحیہ اداکاری سے شہرت حاصل کی۔
رنگیلا نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ فلم رائٹر، گلوکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے طور پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کی جبکہ اُن کو پرائیڈ آف پرفارمنس اور 11 بار نگار ایوارڈز سے بھی نواز گیا۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ رنگیلا کے تذکرے کے بغیر ادھوری رہے گی انہوں نے فلم بینوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔




















