پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ ان کے بچے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر اداکار نعمان اعجاز نے بتایا کہ میرے پاس قانون کی ڈگری ہے اور میں نے کچھ عرصے تک بطورِ وکیل کام بھی کیا لیکن میرے نصیب میں شوبز انڈسٹری کا حصّہ بننا لکھا تھا اس لیے بعد میں اداکار بن گیا۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچوں کو شوبز انڈسٹری سے دور رکھنے کی اپنی پوری کوشش کی، یہاں تک کہ میں کبھی کسی پروجیکٹ کے سیٹ پر اپنے کسی بیٹے کو نہیں لے کر گیا اور نہ ہی کبھی کسی اداکار کو اپنے گھر مدعو کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری اتنی کوششوں کے باوجود بھی اگر میرا بیٹا زاویار شوبز انڈسٹری میں آگیا تو اس کا مطلب ہے کہ اس کے نصیب میں لکھا تھا۔
View this post on Instagram
نعمان اعجاز نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ شوبز انڈسٹری میں بہت سارے چھوٹے دل کے لوگ کام کرتے ہیں اس لیے اس کا حصّہ بننا کوئی آسان کام نہیں ہے، یہ بہت زیادہ ہمت کا کام ہے۔
اداکار نے بتایا کہ جب مجھے میرے بیٹے زاویار نے کہا کہ میں اداکار بننا چاہتا ہوں تو میں جائے نماز پر بیٹھ کر رویا تھا اور اللّٰہ کے سامنے ہاتھ اُٹھا کر کہا کہ میں نے تو کبھی نہیں چاہا تھا کہ میرے بچے شوبز انڈسٹری میں جائیں تو میرے بیٹے کے ذہن میں یہ خیال کیوں ڈالا۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شوبز انڈسٹری میں آنے کے لیے کبھی اپنے بیٹے کی رہنمائی نہیں کی اور نہ ہی میں گھر پر اداکار ہوں، وہاں میں ایک عام آدمی ہوں جو خود گھر کے سارے کام کرلیتا ہوں۔




















