Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ندا یاسر گاڑی ہونے کے باوجود رکشے میں سفر کیوں کرتی ہیں؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ گھر میں گاڑی ہونے کے باوجود وہ بسوں میں سفر کرتی تھیں اور اب بھی رکشے میں سفر کرلیتی ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں ندا یاسر نے بتایا کہ وہ کراچی کے پی ای سی ایچ ایس کالج میں زیرِ تعلیم تھیں، کالج جانے کے لیے گاڑی استعمال کرتی تھیں لیکن واپس آنے کے لیے گھر میں گاڑی اور ڈرائیور ہونے کے باوجود پبلک بس کا استعمال کرتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ والدہ نے ہماری تربیت کا حصہ یہ رکھا کہ ہمیں بسوں میں بھی سفر کروایا تاکہ بحیثیت عورت ہم میں لوگوں کا سامنا کرنے کی طاقت اور اعتماد آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی اگر میں ندا یاسر ہوں، میں منہ چھپا کر رکشے میں بیٹھ کر نکل جاتی ہوں، مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، مجھے چھوٹی گاڑی سے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔

ندا یاسر نے کہا کہ میرے کوئی نخرے نہیں ہیں خاص کر سلیبریٹی والے نخرے مجھ میں نہیں ہیں اور اس کا کریڈٹ میں اپنے والدین کو دیتی ہوں کیونکہ والدین نے ہماری پرورش اس انداز میں کی ہے۔

معروف اداکارہ و میزبان کا کہنا تھا کہ اچھے وقت کے ساتھ برا وقت بھی آسکتا ہے اور والدین کی تربیت کی وجہ سے میں برے وقت کا بھی سامنا کرسکتی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ بعد میں مجھے اندازہ ہوا کہ والدہ نے جو بس میں سفر کرایا، میٹرک، انٹر کے بعد جاب کروائی یہ سب میری تربیت کا حصہ تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ میں نے اپنی والدہ سے سیکھا وہی میں نے اپنے بچوں کے ساتھ کرنے کی کوشش کی اور میرا بیٹا بائیکیا پر بیٹھ کر بھی چلا جاتا ہے، بیٹی کو بڑی گاڑی ہونے کے باوجود چھوٹی گاڑی دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو نئے موبائل، آئی پیڈز دلا سکتے تھے لیکن ہم نے انہیں ابتدا میں سیکنڈ ہینڈ خرید کر دیے اور میرے بیٹے نے اپنی جاب سے کما کر اپنے لیے نیا فون لیا۔

معروف اداکارہ و میزبان کا مزید کہنا تھا کہ کبھی کبھی میں بچوں کو مہنگا تحفہ دینے کی کوشش کرتی ہوں تو یاسر مجھے روکتے ہیں تاکہ بچوں میں چیزوں کی طلب رہے اور وہ اس کے لیے محنت کریں۔