پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ طاہرہ نقوی کو مداحوں سے بچھڑے 42 برس بیت گئے ہیں۔
منی مدھو بالا کہلانے والی طاہرہ نقوی سیالکوٹ میں پیدا ہوئیں، اداکارہ نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو پی ٹی وی پر عظمیٰ گیلانی، خالدہ ریاست، روحی بانو و دیگر فنکاروں کا ڈنکا بجتا تھا، طاہرہ نقوی نے ان سب میں رہ کر اپنا نام بنایا۔
طاہرہ نقوی کا پہلا ڈرامہ ’زندگی بندگی‘ تھا، دہلیز، وارث، احساس، ایک حقیقت ایک افسانہ سمیت 50 ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ’زندگی بندگی‘ ڈرامے میں طاہرہ نقوی کا ڈائیلاگ ’’چھوٹی سی گڑیا چھوٹی رہ گئی، ممی کی گود میں سوتی رہ گئی‘‘ نے خوب شہرت پائی۔
اداکارہ طاہرہ نقوی چند فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئیں جن میں بدلتے موسم، میاں بیوی راضی و دیگر شامل تھیں۔
1981میں طاہرہ نقوی کی طبیعت اس قدر ناساز ہوئی کہ پھر بہتر نہ ہو سکی، ساتھی فنکاروں نے بیرون ملک ان کے علاج کیلئے رقم بھی جمع کی، تاہم اداکارہ 2 جون 1982 میں اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔




















