Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بہروز سبزواری کی پاکستانی اداکاراؤں پر کڑی تنقید

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار بہروز سبزواری نے پاکستانی اداکاراؤں پر کڑی تنقید کی ہے۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ فواد خان بھارت گئے، وہاں جاکر اُنہوں نے بالی ووڈ میں شاندار کام کیا، اگر وہ آج بھی بالی ووڈ فلمیں کررہے ہوتے تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہ تمام بالی ووڈ خانز کو پیچھے چھوڑ دیتے اور بالی ووڈ کے نمبر ون اسٹار بن جاتے۔

انہوں نے کہا کہ فواد خان کے علاوہ جاوید شیخ نے بھی بالی ووڈ میں بڑا نام کمایا اور ہماری چند اداکاراؤں نے بھی بالی ووڈ فلمیں کیں لیکن اُنہوں نے اپنے کام سے پاکستان کا نام روشن کرنے کے بجائے اپنے ملک کا نام ڈبویا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی ریلیز سے پابندی ہٹا دینی چاہیے، جب یہاں کے سینما گھروں میں بھارتی فلمیں لگیں گی تو اُس کے بعد لالی ووڈ میں بھی مزید بہترین فلمیں بنیں گی اور لوگ یہاں زیادہ سے زیادہ نئے سینما گھر بھی بنائیں گے۔

بہروز سبزواری نے بتایا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز کی وجہ سے ہمارے سینما گھر بھی بھرے ہوئے نظر آئیں گے کیونکہ پاکستانی شائقین بھی بھارتی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

اداکار کے مطابق پاکستان کی واحد فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ نے دُنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے اور اربوں روپے کمائے ہیں۔