پاکستان کے مشہور و معروف قوال امجد صابری کی 8 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
امجد فرید صابری 23 دسمبر 1976 کو صابری برادران قوال گھرانے میں پیدا ہوئے۔
وہ اپنے والد غلام فرید صابری کے ساتھ 12 سال کی عمر سے ہی اسٹیج پر پرفارم کرتے آرہے تھے۔
انہوں نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت سمیت دنیا بھر کے 17 ممالک میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
امجد صابری نے کانوں میں رس گھولنے والی آواز سے لاکھوں دلوں پر راج کیا ہے۔
پاکستانی عوام کے لیے 22 جون 2016 کا دن کسی سیاہ دن سے کم نہ تھا جب ملک کے نامور قوال امجد صابری پر کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے حملہ کیا۔
اس حملے کے نتیجے میں قوال کو گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔




















