پاکستان کے مشہور و معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے سینئر اداکارہ صبا قمر کے لباس پر کڑی تنقید کی ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ میں صبا قمر کو اپنے کسی بھی پراجیکٹ میں کاسٹ نہیں کروں گا کیونکہ وہ جس طرح کے بیہودہ لباس پہنتی ہیں، وہ میرے معیار کے بالکل خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صبا قمر ایک بہترین اداکارہ ہیں اور انہوں نے ماضی میں میرے ایک ڈرامے میں کام بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اُس ڈرامے میں اُنہوں نے شاندار اداکاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا بھی گیا تھا لیکن اب وہ جس طرح کے لباس پہنتی ہیں وہ ہماری ثقافت اور اصولوں کے خلاف ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ایسے ملبوسات پہننا، صبا قمر کی ذاتی پسند ہے اور مجھے ان کی پسند سے کوئی مسئلہ بھی نہیں ہونا چاہیے لیکن مجھے اپنے کام کے لیے کسی کا انتخاب کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
ڈرامہ نگار نے کہا کہ میں جن اداکاروں کے ساتھ بار بار کام کرنا چاہوں گا، اُن میں ٹاپ لِسٹ میں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی شامل ہیں۔




















