Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جس ڈائریکٹر نے ہراساں کیا اس کے ساتھ کام کی پیشکش ہوئی، اداکارہ نادیہ جمیل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا کہ ہے کہ ماضی میں جس ڈائریکٹر نے ہراساں کیا اس کے ساتھ کام کی پیشکش ہوئی۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکارہ نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ ماضی میں جس ڈائریکٹر نے ہراساں کیا اس کے ساتھ کام کی پیشکش ہوئی جسے میں نے قبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینئر اداکار نعمان اعجاز نے یہ پیشکش کی تھی اور جب میں نے ہدایتکار کا نام پوچھا تو پتا چلا کہ وہی شخص ڈرامے کی ہدایات دیں گے جنہوں نے ماضی میں مجھے ہراسانی کا نشانہ بنایا تھا، میں نے نام سنتے ہی کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سوچتی ہوں وہ ہدایتکار اب بھی اس انڈسٹری کا حصہ ہے، اس نے پتا نہیں کتنی معصوم لڑکیوں کو ہراساں کیا ہوگا۔

اداکارہ نے کہا کہ شاید مجھے ہدایتکار کا نام لے لینا چاہیے تھا لیکن میں نے ان کا نام نہیں لیا، میں نام بتانے سے ڈرتی نہیں ہوں بلکہ صرف اپنے جوان بیٹوں کی وجہ سے خاموش ہوں کہ ان کا خون گرم ہے۔

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ جب میرے بیٹے مجھ سے متعلق کوئی غلط بات سنتے ہیں تو فوراً کہتے ہیں کہ کس نے کیا، نام بتائیں، ہم دیکھ لیں گے، صرف اسی لیے میں خاموش ہوں اور انتظار کررہی ہوں کہ جب وہ سمجھ دار ہوجائیں گے تب میں اس ڈائریکٹر کا نام سب کو بتاؤں گی۔