بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار سنیل شیٹی نے کہا ہے کہ میں ماضی میں اپنی ساس کے ساتھ مل کر این جی او چلاتا تھا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر اداکار سنیل شیٹی نے بتایا کہ میں اپنی ساس کے ساتھ ملکر بھارت میں ٹریفکنگ کے نام سے ایک این جی او چلاتا تھا، جسے ہم نے بعد میں تبدیل کرکے ‘وپلا فاؤنڈیشن’ بنا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری این جی او نے دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ ملکر انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے آپریشن شروع کیا تھا اور ہم نے اس آپریشن کے تحت دُنیا بھر سے 400 لڑکیوں کو ریسکیو کروایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اس آپریشن کے بارے میں بات نہیں کی کیونکہ یہ مجھ سمیت دیگر لوگوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتا تھا لیکن اب اس کا ذکر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ میں کوئی ہیرو نہیں ہوں بلکہ میں ہر اچھے عمل کو لوگوں تک پہنچانے والا انسان ہوں۔
سنیل شیٹی نے کہا کہ اس آپریشن میں وزیراعلیٰ، پولیس کمشنر اور اعلیٰ ترین خفیہ ٹیموں نے ہماری مدد کی تھی لیکن اصل ہیرو میری ساس ہیں۔




















