Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اداکار اپنے کام سے ہی پہچانے جاتے ہیں، اکشے کمار

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور و  معروف اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ اداکار اپنے کام سے ہی پہچانے جاتے ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار اکشے کمار نے کہا کہ ہمارے یہاں جب کسی اداکار کی نمبر ایک یا دو کے طور پر درجہ بندی کی جاتی ہے تو مجھے ایسا لگتا ہے کہ جیسے کوئی گھوڑا ریس میں دوڑ رہا ہے اور ہمیں بتانا ہے کہ یہ کونسے نمبر پر آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندی سنیما ایک سال میں تقریباً 200 فلمیں بناتا ہے اور اس میں ساؤتھ فلم انڈسٹری بھی شامل ہے لیکن صرف 8 سے 12 اداکار ہی ایسے ہیں جو مشہور ہیں تو ہم کیوں اس بات پر لڑیں کہ نمبر کون ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ میں سال میں 4 فلمیں کیوں کرتا ہوں، مجھے اس سوال کی سمجھ نہیں آتی کیونکہ میں نے پہلے کبھی کسی کو یہ پوچھتے ہوئے نہیں سُنا کہ میں زیادہ کام کیوں کرتا ہوں؟

اکشے کمار نے کہا کہ میں اگر ایک سال میں 4 فلمیں کرتا ہوں تو لوگوں کو اس سے پریشانی ہوتی ہے اور یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کہ لوگوں کو میرے کام سے پریشانی کیوں ہوتی ہے؟

اداکار کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ہم پیسوں سے سب کچھ خرید سکتے ہیں، پھر چاہے وہ شہرت ہو یا پھر اداکاروں کی مقبولیت کی درجہ بندی لیکن ہم اپنے کام سے ہی پہچانے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے انڈسٹری میں طویل عرصہ ہوگیا ہے، میں نے اس دوران بہت کچھ سیکھا ہے اور آج بھی جب کوئی فلمی ناقد میرے کام کے بارے میں تجزیہ کرتا ہے تو میں اُن کی رائے کو سنجیدگی سے لیتا ہوں اور اپنی غلطیوں کو درست کرتا ہوں۔