Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اداکارہ ریشم ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر پر برس پڑیں!

پاکستانی فلم اسٹار ریشم معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر پر برس پڑیں۔

خلیل الرحمان قمر کی جانب سے پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد ٹاپ اداکاروں کے خلاف متنازع بیانات سامنے آچکے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران نعمان اعجاز سے نفرت کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ ریشم نے کہا کہ میں ان مصنف  کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی، ان کو چاہیے کہ سب کی برائیاں چھوڑ کر اور تنقید ختم کرکے اپنی ذات کو دیکھیں، اس  پر تنقید کریں، گھر بیٹھیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خلیل الرحمان قمر کو حال ہی میں کئی جگہوں پر دیکھ کر خاصا افسوس ہوا کیونکہ ان کی صحت ٹھیک نہیں، ان کی اب شکل بھی تبدیل ہوگئی ہے، ہم سنتے آئے ہیں انسان کی اندرونی خوبصورتی اس کو ظاہر خوبصورت بناتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں نعمان اعجاز جیسے اداکار کبھی کبھی پیدا ہوتے ہیں وہ میرے منہ بولے بھائی کی طرح ہیں، نعمان بہت عزت کرنے والے اور پیار کرنے والے انسان ہیں۔

اداکارہ ریشم نے کہا کہ جب خلیل الرحمان قمر کام نہیں کررہے ہوتے تو وہ کسی بھی بڑے اداکار کے لیے کوئی بات کہہ کر سوشل میڈیا پر وائرل  ہونے کی کوشش کرتے ہیں، وہ چالاک رائٹر ہیں۔