Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معروف موسیقار خلیل احمد کی 27 ویں برسی

پاکستان کے مشہور و معروف موسیقار خلیل احمد کی 27 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

’وطن کی مٹی گواہ رہنا‘ اور ’ہمارا پرچم یہ پیارا پرچم‘ جیسے خوبصورت ملی نغموں کی موسیقی ترتیب دینے والے خلیل احمد 1934 میں یوپی کے شہر گورکھ پور میں پیدا ہوئے۔

ان کا پورا نام خلیل احمد خاں یوسفزئی تھا، وہ آگرہ یونیورسٹی سے گریجوایشن کرنے کے بعد 1952 میں پاکستان آگئے۔

1962 میں ان کی فلم ’’آنچل ‘‘نمائش کیلئے پیش ہوئی، اس فلم کے گیت ہٹ ہوئے اور خلیل احمد کو راتوں رات صف اول کا موسیقار بنا دیا۔

خلیل احمد کی مشہور فلموں میں دامن، خاموش رہو، کنیز، مجاہد، میرے محبوب، ایک مسافر ایک حسینہ، آنچ، داستان، آج اور کل کے نام سرفہرست ہیں، انہوں نے 40 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

موسیقار خلیل احمد نے پی ٹی وی پر بچوں کے ایک مقبول پروگرام ’’آنگن آنگن تارے‘‘ کی میزبانی بھی کی اور ٹیلی ویژن کے متعدد نغمات کی موسیقی دی، ان کے ملی نغمے آج تک روز اول کی طرح مقبول ہیں۔

خلیل احمد 21 جولائی 1997 کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔