Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مجھے اغوا کرنے والوں نے نعمان اعجاز اور صبا قمر کا نام لیا تھا، خلیل الرحمن قمر

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر نے کہا ہے کہ مجھے اغوا کرنے والوں نے اداکار نعمان اعجاز اور اداکارہ صبا قمر کا نام لیا تھا۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ میں نے شروع میں اغوا کی ایف آئی آر اس لیے درج نہیں کروانا چاہتا تھا کیونکہ اغواکاروں نے نعمان اعجاز اور صبا قمر کا نام لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نعمان اعجاز سے نفرت ہے لیکن وہ بہت اچھے اداکار ہیں جبکہ صبا قمر سے بھی اختلافات ہونے کے باوجود میں ان کی اداکاری کا مداح ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ نہیں جو اس طرح کا کام کریں، اغوا کار اس طرح کی باتیں کر کے مجھے الجھن میں ڈالنا اور میرے دماغ اور اعصاب کو متاثر کرنا چاہتے تھے۔

خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ مجھے اغوا کے واقعے کے دوران اپنے لاکھوں بھارتی مداحوں کی سپورٹ نے حیران کردیا جبکہ اس کے بالکل برعکس پاکستان میں مجھے لوگوں کی طنزیہ باتوں اور نفرت کا سامنا کرنا پڑا۔

معروف ڈرامہ نگار کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ مجھے اغوا کرنے والوں کا کیا مقصد تھا، مجھے بس اپنی بیوی اور بیٹیوں کی فکر تھی، اغوا کاروں نے جب تشدد کیا تو ان کو کہا کہ مجھے مارنا ہے تو مار ڈالو۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری بیوی اغوا کے واقعے کے بعد پاکستان چھوڑ کر جانا چاہتی ہے کیونکہ وہ میرے ساتھ ہونے والے سلوک پر افسردہ اور دکھی ہے لیکن مجھے اپنے وطن کی مٹی سے عشق ہے میں اپنا ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا۔