پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ اسماء عباس نے کہا ہے کہ لنڈا بازار سے بہت کمال کی چیزیں ملتی ہیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ اسماء عباس کا کہنا تھا کہ ہم لنڈا بازار سے بہت خریداری کرتے رہے ہیں وہاں سردیوں میں بہت کمال کی چیزیں ملتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے جب مجھے لندن جانا تھا تو اس وقت لندن میں بہت زیادہ سردی تھی تو ہم لوگ کافی پریشان تھے کہ لندن میں تو کپڑے مہنگے ہوں گے تو پھر میں لنڈا بازار چلی گئی اور وہاں سے 5 سو روپے تک کی قیمت میں بہت سارے ونڈ بریکرز خرید کر لے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ لنڈا بازار میں لوگ مجھے پہچانتے ہیں تو پہچان لیں مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ میں تو وہاں ریڑھی پر ملنے والی کھانے پینے کی چیزیں بھی لے کر کھاتی ہوں۔
اسماء عباس نے مزید کہا کہ لوگ ہمیں وہاں پہچان لیتے ہیں تو خوش ہوتے ہیں اور ساتھ میں سیلفیاں لیتے ہیں بہت مزہ آتا ہے۔




















