معروف گلوکار محمد رفیع کی 44 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
محمد رفیع 24 دسمبر 1924 کو بھارتی شہر امرتسر کے گاؤں کوٹلہ سلطان سنگھ میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد خاندان کے ساتھ وہ لاہور آکر آباد ہوگئے،
نامور گلوکار داتا کی نگری بھاٹی گیٹ کی گلیوں میں پل کر جوان ہوئے، محمد رفیع روزانہ لارنس گارڈن جا کر اپنی سریلی آواز کا اس انداز میں جادو جگاتے کہ سننے والے سنتے ہی رہ جاتے۔
ممبئی شفٹ ہونے کے بعد انہیں 1945 میں فلم ’لیلیٰ مجنوں‘ اور 1947 میں ہدایتکار شوکت حسین رضوی کی فلم ’جگنو‘ کے لیے گانے کے ساتھ اداکاری کا بھی موقع ملا۔
3 دہائیوں تک بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے محمد رفیع نے دلیپ کمار، دھرمیندر، دیوآنند، رشی کپور، شمی کپور، جتیندر اور امیتابھ بچن جیسے بڑے اداکاروں کیلئے پسِ پردہ گائیکی کی۔
محمد رفیع نے اپنے 36 سالہ طویل کیرئیر کے دوران 100 سے زیادہ موسیقاروں کی دھنیں، 22 سے زیادہ زبانوں میں 36 ہزار گیت گائے۔
اُن کو حکومت ہند کی جانب سے پدم شری، پانچ مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سمیت متعدد عالمی اعزازات سے نوازا گیا۔
گلوکار محمد رفیع 31 جولائی 1980 کو 56 سال کی عمر میں اس دنیا سے کوچ کرگئے تھے۔




















