Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بشریٰ انصاری کا تشدد کرنے والے مردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے تشدد کرنے والے مردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔

حال ہی میں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کچھ ہفتے قبل ملتان میں شوہر کے ہاتھوں قتل کی گئی ثانیہ زہرہ اور بھارتی شہر کولکتہ میں قتل کی گئی ڈاکٹر سمیت دیگر واقعات کی شدید مذمت کی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Bushra Bashir (@ansari.bushra)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں خواتین، لڑکیاں اور چھوٹی بچیاں سب ہی غیر محفوظ ہیں، جنسی زیادتی اور خواتین پر ظلم و ستم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردوں کو لگتا ہے کہ اگر وہ خواتین پر تشدد اور ظلم کریں گے تو اس سے اُن کی مردانگی نظر آئے گی جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کمزور پر ظلم کرنے والا انسان بزدل ہوتا ہے۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں مجرموں کو سزائیں نہیں دی جاتیں، اسی وجہ سے ان جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

اداکارہ کے مطابق جنسی زیادتی کرنے والے مردوں کی مردانگی کو ختم کیا جائے اور خواتین پر ظلم کرنے والے مردوں کے ہاتھ پاؤں توڑ کر اُنہیں زمین پر رینگنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو مرد، خواتین کے چہروں پر تیزاب پھینکتے ہیں، اُن مردوں کے چہروں کو بھی تیزاب سے جلایا جائے تاکہ جرائم میں کمی آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی تو لیڈر ہیرو بن کر سامنے آئے اور ان جرائم میں ملوث مردوں کو سرعام سزا دلوائے۔