پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے والدین کو اہم مشورہ دیدیا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی کا کہنا تھا کہ والدین کو اپنے بچوں کی نفسیات سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں بیوی کے درمیان اختلافات ہیں تو کم از کم بچوں کے سامنے لڑنے جھگڑنے کے بجائے ان کے سامنے متحد رہیں تاکہ بچہ آپ کے جھگڑے کا غلط فائدہ نہ اُٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے والدین اور بچوں کے درمیان بہت فاصلہ آ گیا ہے، آپس میں بات چیت نہیں کرتے، والدین کو چاہیے کہ بچوں سے بات کریں، یہ سمجھیں کہ بچے اگر اداس ہیں تو کیوں ہیں۔
فضیلہ قاضی نے کہا کہ بچوں کے مسائل ضرور حل کریں لیکن انہیں اپنا اتنا عادی نہ بنائیں کہ وہ خود مختار نہ بن سکیں۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں سے محبت ضرور کریں لیکن اگر بچہ ان کے سامنے کسی سے بدتمیزی کر رہا ہے تو اسے ڈانٹیں، صحیح اور غلط کا فرق سمجھائیں۔




















