Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا عامر خان تیسری شادی کرنے والے ہیں؟

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کا تیسری شادی سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

حال ہی میں ایک شو کے دوران میزبان ریا چکرورتی نے عامر خان سے ازدواجی زندگی کے حوالے سے مشورہ طلب کیا جس پر اداکار نے کہا کہ میری دو شادیاں ناکام ہو چکی ہیں لہٰذا اس مشورے کیلئے میں مناسب شخص نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تنہا رہنا پسند نہیں کیونکہ مجھے ایک ساتھی کی ضرورت ہے، مجھے دوستی  پسند ہے، میں تنہا نہیں ہوں میں اپنی سابقہ بیویوں رینا اور کرن دونوں کے بہت قریب ہوں۔

عامر خان نے کہا کہ میں ان لوگوں کے ساتھ خوش ہوں جو میرے قریب ہیں، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، زندگی  کا کوئی بھروسہ نہیں لہٰذا خود کو بہتر بنانے پر کام کر رہا ہوں۔

شو کی میزبان نے سوال کیا کہ کیا وہ ایک بار پھر یعنی تیسری بار شادی کرنا چاہتے ہیں؟ جواب میں عامر خان نے کہا کہ میں اب 59 سال کا ہو چکا ہوں، دوبارہ کہاں شادی کروں گا، مشکل لگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان نے رینا دتہ سے 1986 میں شادی کی تھی، عامر اور رینا کا رشتہ 2002 میں اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد کرن راؤ اور عامر خان کی شادی 2005 میں اور اس جوڑی کے درمیان علیحدگی 2021 میں ہوئی۔