سابقہ پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ ملک میں طلاقیں بڑھنے کا ایک سبب آج کل کے ڈرامے بھی ہیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ ایک طرف تو وہ خواتین ہیں جن پر شوہر ظلم کرتے ہیں، ان کے بچے بھی ان سے چھین لیتے ہیں اور پھر دوسری شادیاں بھی کرلیتے ہیں تو دوسری طرف ڈراموں میں کچھ اور دکھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کے ڈراموں میں بیویوں کو نخرے والی خاتون کے طور پر دکھایا جا رہا ہے اور اس کا شوہر اسے مناتا دکھائی دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے ڈراموں میں دکھائی جانے والی خاتون اور بیوی کو انتہائی بددماغ دکھایا جا رہا ہے، اس کے شوہر کو امیر اور اچھی شکل کا دکھایا جاتا ہے لیکن اس باوجود وہ بیوی کے آگے مسکین بنا دکھائی دیتا ہے۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ ڈراموں میں امیر اور اچھی شکل کا شوہر بیوی کو راضی کرنے میں لگا رہتا ہے لیکن بیوی اس سے راضی نہیں ہوتی، نخرے دکھاتی ہے۔
سابقہ پاکستانی گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں دکھائی جانے والی بیوی کبھی شوہر پر تھوک دیتی ہے تو کبھی اسے تھپڑ مار دیتی ہے پھر کبھی گھر چھوڑ کر جاتی ہے جو کہ انتہائی غلط عکاسی ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ مختلف ڈراموں میں بیویوں کو مختلف روپ میں دکھایا جا رہا ہے لیکن وہ اپنے شوہر کو قبول نہیں کرتی اور بیوی کی جانب سے شوہر کو نخرہ دکھانا، اسے قبول نہ کرنا، اسے نظر انداز کرنا ڈراموں میں فیشن بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈراموں کے نام یاد نہیں لیکن زیادہ تر ڈرامے ایسے ہی موضوعات پر بن رہے ہیں اور ان کی بات سے سننے والے اتفاق بھی کریں گے۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ چند ڈراموں کو چھوڑ کر میاں اور بیوی پر بننے والے زیادہ تر ڈراموں میں بیویوں کے نخرے دکھائی جاتے ہیں، ان کا شوہر پیار کرنے والا، امیر اور اچھی شکل کا ہوتا ہے، وہ بیوی کو مناتا دکھائی دیتا ہے لیکن بیوی اس سے راضی نہیں ہوتی۔
سابقہ پاکستانی گلوکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے کردار اور مناظر دکھانے کی کوئی وجہ بھی نہیں ہوتی بس ایسے ہی بیوی کو نخرے والا دکھایا جا رہا ہے اور جب ایسے ڈرامے دکھائے جائیں گے تو وہ ہر عورت کے ذہن پر اثر انداز ہوں گے۔




















