Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نئی نسل کی اداکارائیں زیادہ نخرے دکھاتی ہیں، میک اپ آرٹسٹ وقار حسین

پاکستان کے معروف میک اپ آرٹسٹ وقار حسین نے کہا ہے کہ نئی نسل کی اداکارائیں زیادہ نخرے دکھاتی ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف میک اپ آرٹسٹ وقار حسین کا کہنا تھا کہ ماضی میں فوٹوگرافرز اور میک اپ آرٹسٹ سمیت دیگر تکنیکی افراد اور تخلیقی کام کرنے والے لوگوں کی اہمیت ہوتی تھی، ان کی بات کو مانا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں میک اپ آرٹسٹ اپنی مرضی سے اداکاراؤں کے چہروں کو تیار کرتا تھا لیکن وہ اداکارائیں اب فرمائشیں کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب اداکاروں اور ماڈلز کی اہمیت بڑھ چکی ہے، ان کی بات مانی جاتی ہے، جیسا وہ کہتے ہیں، پروڈیوسرز و ہدایت کار بھی ویسا ہی کرنے لگتے ہیں۔

وقار حسین نے کہا کہ اگر آج کل کے اداکاروں اور ماڈلز کے مطالبات نہ مانو تو وہ میک اپ آرٹسٹس کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں اور اپنی ٹیم رکھ لیتی ہیں جو کہ ایک طرح سے غلط بات نہیں لیکن کوئی میک اپ آرٹسٹ کسی ایک اداکار کا میک اپ آرٹسٹ نہیں ہوتا۔

معروف میک اپ آرٹسٹ کا کہنا تھا کہ وہ خود کو صرف میک اپ آرٹسٹ ہی سمجھتے ہیں، وہ کبھی یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ وہ فلاں اداکار یا ماڈل کے میک اپ آرٹسٹ ہیں، وہ نئے اور پرانے اداکاروں سمیت اسٹارز کے چہروں پر ایک جتنی ہی محنت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں فلمی اداکارائیں میرا، ریما خان اور ثانیہ سعید جیسی اداکارائیں بھی میک اپ آرٹسٹ سے فرمائشیں نہیں کرتی تھیں، میک اپ آرٹسٹ اپنی مرضی سے ان کے چہروں پر کام کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب نئی نسل کی اداکارائیں زیادہ نخرے دکھاتی ہیں اور مطالبے کرتی ہیں کہ ایسا اور ایسا میک اپ کیا جائے، دوسری صورت میں وہ ان کے ساتھ کام نہیں کریں گی، میک اپ آرٹسٹ بھی پھر مجبور ہو کر ان کے مطالبے ماننے لگتے ہیں، ورنہ پھر انہیں کام ملنا بند ہوجاتا ہے۔

وقار حسین نے کہا کہ بہت سارے بڑے اور معروف میک اپ آرٹسٹ اب شوبز اور فیشن انڈسٹری میں اداکاروں اور ماڈلز کے نخرے کی وجہ سے کام نہیں کرتے، وہ اپنا سیلون چلانے لگے ہیں۔

معروف میک اپ آرٹسٹ کا مزید کہنا تھا کہ آج کل ماڈلز اور اداکاراؤں کو دیکھیں تو ہر کسی کے چہرے پر ایک جیسا ہی میک اپ ہوگا، ایک جیسا ہی ہیئر اسٹال ہوگا، سب ایک جیسی ہی دکھتی ہیں۔