Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اٹل بہاری واجپائی نے بھارت منتقل ہونے کی پیش کش کی تھی، حامد علی خان

معروف ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان کا کہنا ہے کہ اٹل بہاری واجپائی نے بھارت منتقل ہونے کی پیش کش کی تھی۔

حال ہی میں معروف ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 1979 میں انہیں استاد مہدی حسن کے ہمراہ نئی دہلی میں ہونے والے موسیقی کے ایک بڑے پروگرام میں بھیجا تھا، وہ اور اسد امانت علی خان اس وقت کم عمر تھے، اس لیے انہیں دیکھ کر ہر کسی نے سوال اٹھانا شروع کیے کہ حکومت پاکستان نے یہ کن بچوں کو یہاں بھیج دیا؟

 حامد علی خان نے کہا کہ تقریب کے دوران جب انہوں نے اور اسد امانت علی خان نے گانا شروع کیا تو سب لوگ دنگ رہ گئے، نہ صرف اسی تقریب میں بلکہ اگلے روز اس وقت کی بھارت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بھی ان کی تعریفیں کیں اور پھر اس وقت کے وزیر خارجہ اٹل بہاری واجپائی نے انہیں رات کے کھانے پر مدعو کیا۔

گلوکار نے کہا کہ اگلے روز جب وہ اٹل بہاری واجپائی کے گھر گئے تو انہوں نے ان کی اور اسد امانت علی کی خوب تعریفیں کرنے کے بعد انہیں پاکستان سے بھارت منتقل ہونے کی پیش کش کی۔

حامد علی خان نے کہا کہ انہوں نے اٹل بہاری واجپائی کو بتایا کہ ان کا پورا خاندان پاکستان میں ہے تو انہوں نے پورے خاندان کو بھارت منتقل کرنے کی بھی پیش کش کی۔

گلوکار نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی نے صرف ایک ہی شرط رکھی کہ بھارت منتقل ہونے کے بعد ان کی شہریت بھارت کی ہوگی، جس پر وہ راضی نہ ہوئے۔