پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ پوڈکاسٹ میں اداکاروں کو پھنسایا جاتا ہے۔
حال ہی میں معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پوڈکاسٹ میں اداکاروں کو پھنسایا جاتا ہے، ان سے جان بوجھ کر ایسے سوالات کیے جاتے ہیں کہ وہ کچھ نہ کچھ غلط بول دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹی وی شوز میں ایسا نہیں ہوتا تھا لیکن اب میزبان زیادہ ویوز سے پیسے کمانے کے چکر میں اداکاروں یا مہمانوں کو سوالات کرکے پھنسا دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی شوز میں اچھی باتیں یا چیزیں وائرل نہیں ہوتیں، اس لیے وہ ایسے سوالات کرکے وائرل ہونے والا مواد تخلیق کرتے ہیں۔
نادیہ خان نے کہا کہ آج کل کے ٹی وی شوز اور پوڈکاسٹ میں ایک دم سے میزبان سوال کرتے ہیں کہ فلاں آرٹسٹ کے بارے میں آپ کیا سوچتے یا کہتے ہیں؟ ٹی وی شوز اور پوڈکاسٹ کے میزبانوں کے عجیب سوالات کی وجہ سے اب انہوں نے ایسے شوز میں جانا بند کردیا ہے اور وہ ایسے شوز میں جانے سے کتراتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ٹی وی شو میں فردوس جمال نے ہمایوں سعید کے لیے جو الفاظ کہے، وہ بہت برے تھے، ایسے الفاظ گھر میں تو بولے جا سکتے ہیں لیکن ٹی وی شو میں نہیں بولے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمایوں سعید کے بہت سارے مداح ہیں، فردوس جمال کے ایسے الفاظ پر انہیں دکھ پہنچا جبکہ ذاتی طور پر انہیں بھی برا لگا کہ انہوں نے دوسرے اداکار کے لیے ایسے الفاظ کہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنی عمر میں انسان سیکھ جاتا ہے کہ انہیں کس طرح کے الفاظ بولنے چاہیے۔
نادیہ خان نے تمام اداکاروں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پوڈکاسٹ پھنسانے کا طریقہ ہیں، اس لیے ایسے پوڈکاسٹ سے ہوشیار رہیں۔




















