معروف بھارتی گلوکار ہنی سنگھ نے کہا ہے کہ میں اپنے گانوں کو دیکھتا ہوں تو خود پر ہنستا ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں گلوکار ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ میرا ہٹ گانا ‘بلیو ہے پانی’ کو میں نے اپنی زندگی میں سب سے احمقانہ گانا لکھا ہے، یہ کوئی گانا ہے؟ بکواس ہے یہ تو، اس گانے کا کوئی سر پیر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت جلدی میں لکھا گیا گانا تھا، اس گانے کو میوزک اور ریکارڈنگ سمیت 2 گھنٹے میں تیار کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘براؤن رنگ’ گانا سمجھ میں آتا ہے کیونکہ یہ طریقے سے لکھا گیا گانا ہے اور ‘بلیو آئیز’ گانا بھی اچھا ہے کیونکہ اس گانے میں تعریف کی جارہی ہے۔
ہنی سنگھ نے کہا کہ ‘لنگی ڈانس’ اور ‘پارٹی آل نائیٹ’ جیسے گانے بھی اتنے ہی فضول گانے ہیں اور یہ عجیب بات ہے کہ ان گانوں کی تعریف ہوئی، پتا نہیں میں کیا کررہا تھا اور لوگ سر پر بٹھا رہے تھے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ آج جب میں ان گانوں کو دیکھتا ہوں تو خود پر ہنستا ہوں اور لوگ ابھی بھی اس گانے پر ناچ رہے ہوتے ہیں، اب بھی ان گانوں سے آمدنی حاصل ہوتی ہے کیونکہ وہ اب بھی چلائے جاتے ہیں۔




















