پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حبا علی نے کہا ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ وفادار ہوتی ہیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ حبا علی نے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے کی وجہ سے اپنے شوبز کیریئر کی قربانی دی کیونکہ مجھے اس کی دیکھ بھال کرنی تھی اور اس کی تعلیم و پرورش میرے لیے سب سے اہم کام تھے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی ذمے داری کے علاوہ اس وقت میں طلاق کے بعد سامنے آنے والے مسائل اور دیگر ذاتی معاملات کا بھی سامنا کر رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بچپن میں اپنی والدہ کو بطور فلائٹ اٹینڈنٹ کام کرتے ہوئے پندرہ پندرہ دن گھر سے دور رہتے دیکھا ہے اور اس دوران میں خود کو گھر پر اکیلا محسوس کرتی تھی۔
حبا علی نے کہا کہ اس لیے میں نہیں چاہتی تھی کہ ماں سے دور رہنے کی وجہ سے جیسا بچپن میں نے خود گزارا ویسا ہی بچپن میرا بیٹا گزارے اور بالخصوص ایسے وقت میں جب اس کے پاس باپ بھی موجود نہیں ہے۔
اداکارہ نے لڑکیوں کے شادی سے گھبرانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ آج کل کے مرد اچھے نہیں ہیں، مردوں کے برے رویے نے آج کل کی لڑکیوں کو خوفزدہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے لڑکیاں شادی کرنے سے ڈرتی ہیں اور کسی بھی لڑکے پر بہت مشکل سے بھروسہ کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل لڑکیاں کسی سے بھی شادی کرنے کا فیصلہ کرنے میں بہت وقت لگاتی ہیں، اکثر لڑکیاں تو شادی کا فیصلہ کرنے میں دس دس سال لگا دیتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ وفادار ہوتی ہیں اور جب رشتے کی بات آتی ہے تو خواتین کو اپنی عزتِ نفس کا خیال بہت زیادہ ہوتا ہے۔




















