بلاک بسٹر فلم اینیمل سے شہرت حاصل کرنے والی معروف بھارتی اداکارہ ترپتی دیمری نے کہا ہے کہ جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو لوگوں نے کہا تم سے کوئی شادی نہیں کرے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ ترپتی دیمری نے بتایا کہ جب میں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو میرے خاندان اور معاشرے کے لوگوں نے میرے والدین کو ’کڑوی باتیں‘ سنائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اتراکھنڈ سے ہوں لیکن میری پرورش دہلی میں ہوئی، میرے والدین اور پورا خاندان دہلی میں مقیم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں ممبئی آئی تو لوگ میرے والدین سے کہنے لگے کہ آپ نے اپنی بیٹی کو فلم انڈسٹری میں کیوں بھیجا؟ وہ بگڑ جائے گی، غلط لوگوں کے ساتھ گھومے گی، غلط فیصلے کرے گی اور اس سے کوئی شادی نہیں کرے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ اس تنقید کے باوجود میں اپنے خوابوں کو ترک کرنے کو تیار نہیں تھی اور جب میری پہلی فلم لیلیٰ مجنوں ریلیز ہوئی تو میرے والدین نے مجھ پر فخر محسوس کیا۔




















