Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شادی کرنے میں دیر ہوجائے تو خواتین کو زیادہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، علی رحمٰن خان

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی رحمٰن خان نے کہا ہے کہ شادی کرنے میں دیر ہوجائے تو خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار علی رحمٰن خان نے کہا کہ میرے خیال میں شادی نہ کرنے پر مردوں کو بھی معاشرتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن میرے والدین نے مجھے پر ایسا کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ہاں میری شادی میں کافی دیر ہو چُکی ہے لیکن جب بھی شادی کروں گا تو اپنی مرضی سے کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ خصوصاً آنٹیاں شادی کے حوالے سے بہت دباؤ ڈالتی ہیں، وہ ہمیشہ شادی کے بارے میں سوال پوچھتی ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ شادی کرنے میں دیر ہوجائے تو خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

علی رحمٰن خان نے کہا کہ شادی ایک عظیم رشتہ ہے تو سب کو شادی کرنی چاہیے لیکن اس وقت کرنی چاہیے جب انسان کو خود یہ یقین ہو کہ وہ شادی کرنے کے لیے تیار ہے اور ذمہ دار ہوگیا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں شادی کے لیے ہمارا معاشرتی نظام بھی ایک مسئلہ ہے، میں یہ نہیں کہنا چاہتا لیکن ہمارا معاشرہ ہی ایسا ہوگیا ہے کہ کہنا پڑ رہا ہے کہ نئے شادی شدہ جوڑوں کے لیے جوائن فیملی سسٹم اچھا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ میرا نقطۂ نظر ہے، میں دوسروں پر یہ مسلط نہیں کرنا چاہتا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ شادی کے بعد نوبیاہتا جوڑے کو کم از کم ایک یا دو سال اپنی فیملی سے تھوڑا دور میاں بیوی کو ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنا چاہیے تاکہ وہ دونوں ایک دوسرے کو سمجھ سکیں۔