بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈز بالی ووڈ کے بعد ہالی ووڈ میں بھی اپنے قدم جمانے کو تیار ہیں۔
بھارتی میڈٰیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ جیکولین فرنینڈز ہالی ووڈ کے ایکشن اسٹار جین کلاڈ وین ڈیم کے ساتھ آنے والی ایکشن فلم ’کل اِم آل 2‘ میں نظر آئیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سونی پکچرز کی یہ فلم 24 ستمبر کو ڈیجیٹل طور پر ریلیز کی جائے گی اور فلم کے ٹریلر میں اداکارہ کا کردار وین ڈیم کی آن اسکرین بیٹی ونیسا کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
فلم کی کہانی ’کل اِم آل‘ کے سات سال بعد کی ہے، جہاں ریٹائرڈ جاسوس فلپ (جین کلاڈ وین ڈیم) اپنی بیٹی ونیسا ( جیکولین فرنینڈز) کے ساتھ اٹلی کے ایک دور دراز گاؤں میں چھپ کر زندگی گزار رہے ہیں لیکن ان کی پُرامن زندگی اس وقت تباہ ہو جاتی ہے جب ان کے پرانے دشمن کا بھائی ولاد ان کی جگہ معلوم کر لیتا ہے، اب فلپ اور ونیسا کو اپنی جان اور گاؤں کو بچانے کے لیے ایک ساتھ لڑنا ہوگا۔
جیکولین فرنینڈز اس ہالی ووڈ پروجیکٹ کے علاوہ بھی متعدد دلچسپ فلموں کا حصہ ہیں، جن میں آنے والی فلم “ویلکم ٹو دی جنگل” بھی شامل ہے، جس میں اکشے کمار، روینا ٹنڈن، دشا پٹانی، لارا دتہ، سنیل شیٹی، سنجے دت اور دیگر شامل ہیں۔




















