بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے کہا ہے کہ میں منفی باتوں سے دور رہنا چاہتا ہوں اسی لیے سوشل میڈیا میرے لیے نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سینئر اداکار سیف علی خان نے حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں منفی چیزوں میں نہیں پڑنا چاہتا اس لیے سوشل میڈیا سے دور رہتا ہوں، سوشل میڈیا مجھ جیسے لوگوں کے لیے خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سوشل میڈیا آپ کا بہت سارا وقت لے لیتا ہے جبکہ اسی وقت کو کسی مثبت کام کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی کبھار آدھے گھنٹے کے لیے انسٹاگرام دیکھتا ہوں اور اس پر آئے عجیب عجیب پیغامات پڑھتا ہوں، میری بیوی مجھے کہتی ہے کہ آپ ٹھیک چیزوں کو فالو نہیں کررہے۔
سیف علی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا کبھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ مجھے سوشل میڈیا اس لیے پسند نہیں کیونکہ یہ میرے جیسے لوگوں کے لیے خطرناک ہے۔ میں منفی باتوں سے دور رہنا چاہتا ہوں اسی لیے سوشل میڈیا میرے لیے نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود نہیں ہیں۔




















