بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کا گولی لگنے کے بعد اسپتال سے پہلا پیغام سامنے آگیا ہے۔
بالی وڈ کے معروف اداکار و سیاسی رہنما گووندا نے آڈیو پیغام میں اپنے مداحوں کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی طبیعت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے گولی لگی تھی لیکن اب اسے نکال لیا گیا ہے، میں ڈاکٹروں اور آپ کی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ گووندا آج صبح تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، وہ ایک شو کے لیے صبح 6 بجے کی فلائٹ سے کلکتہ کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔
اداکار کے مینیجر ششی سنہا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ہمارا کلکتہ میں ایک شو تھا اور صبح 6 بجے کی فلائٹ تھی، میں ائیرپورٹ پہنچ چکا تھا اور گووندا نکل رہے تھے جب ان سے غلطی سے گولی چل گئی جو ان کی ٹانگ میں لگی۔
ششی سنہا کا کہنا تھا کہ لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گرگیا اور غلطی سے فائر ہوگیا، گووندا جی کو صرف ایک ٹانگ پر چوٹ آئی اور ان کا زخم خطرناک نہیں ہے۔




















