Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میرے نزدیک سب لوگ برابر ہیں، لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے سینئر و لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ میرے نزدیک سب لوگ برابر ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بین المذہب یا برادری سے باہر شادی کہنا بہت عجیب لگتا ہے، میرے نزدیک تو سب لوگ برابر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھی اپنی اہلیہ جیا سے محبت کی شادی کی تھی، ہم دونوں کا تعلق مختلف ذات اور ثقافت سے تھا، جس کی وجہ سے لوگوں کی کافی باتیں بھی سُنیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے والدین نے بھی محبت کی شادی کی تھی، میرے والد کا تعلق اتر پردیش سے تھا جبکہ میری والدہ سکھ خاندان سے تھیں، والدہ کی وجہ سے میں آدھا سردار بھی ہوں۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ میرے والد ہمیشہ کہتے تھے کہ وہ ذات، برادری وغیرہ پر یقین نہیں رکھتے، اسی لیے اُنہوں نے اپنا قلمی نام ‘بچن’ رکھا تھا۔

سینئر و لیجنڈری اداکار کا مزید کہنا تھا کہ میرے بچپن میں میری خالہ پنجابی میں کہتی تھیں کہ کتنا سوہنا پُتر ہے، وہ مجھے امیتابھ سنگھ کہہ کر پکارتی تھیں، اس طرح میرا ایک نام امیتابھ سنگھ بھی ہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن نے جون 1973 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کا ایک بیٹا ابھیشیک بچن اور ایک بیٹی شویتا بچن ہے۔