بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اننیا پانڈے نے کہا ہے کہ میں نے ایک بار غلطی سے سوشل میڈیا پر کنگ خان کی بیٹی سہانا خان کا فون نمبر لیک کردیا تھا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ اننیا پانڈے نے بتایا کہ میں سہانا کو فون کال کررہی تھی، جب سہانا نے کال نہیں اُٹھائی تو میں نے اس کال کا اسکرین شاٹ لیکر اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پوسٹ کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکرین شاٹ میں سہانا کا فون نمبر بھی نظر آرہا تھا، اس طرح سہانا کا فون نمبر لیک ہوا اور پھر وہ نمبر ہیک بھی ہوگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری اس غلطی کے بعد، سہانا نے مجھ سے رابطہ کرکے بتایا کہ اُن کا نمبر ہیک ہوگیا ہے، جس پر میں حیران ہوگئی تھی لیکن پھر کسی نے سہانا کو بتا دیا تھا کہ یہ سب میری وجہ سے ہوا۔
اننیا پانڈے نے کہا کہ ایک بار پریس کانفرنس کے دوران کچھ صحافیوں نے مجھ سے میرا فون نمبر مانگا تھا تو میں نے بھی بےدھیانی میں کیمرے کے سامنے ہی نمبر دے دیا تھا کیونکہ میں بھول گئی تھی کہ پریس کانفرس شروع ہوچکی ہے اور کیمرے آن ہیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ پھر میڈیا نے میرے نمبر کے ساتھ ہی پریس کانفرنس یوٹیوب پر اپلوڈ کردی تھی جس کی وجہ سے میرا نمبر بھی لیک ہوگیا تھا۔




















