Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اداکاری اور اپنی بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے میں زیادہ سکون محسوس ہوتا ہے، عالیہ بھٹ

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ مجھے اداکاری اور اپنی بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے میں زیادہ سکون محسوس ہوتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں بچپن میں ہی یہ محسوس ہونا شروع ہو گیا تھا کہ وہ کلاس روم میں یا دوستوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اکثر زون آؤٹ ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بچپن سے ہی زون آؤٹ ہو جاتی تھی، اور یہی وجہ بنی کہ میں نے سائیکولوجیکل ٹیسٹ کرایا اور مجھے ADHD کی تشخیص ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنے دوستوں کو اس بارے میں بتایا تو وہ کہنے لگے، ہمیں پہلے سے ہی معلوم تھا، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، لیکن میرے لیے یہ نیا انکشاف تھا۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ اداکاری کے دوران اور اپنی بیٹی راہا کے ساتھ وقت گزارنے میں انہیں سب سے زیادہ سکون محسوس ہوتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ کیمرے کے سامنے ہوتے ہوئے میں مکمل طور پر موجود رہتی ہوں، اور اب راہا کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے میں سب سے زیادہ سکون میں ہوں۔ یہ دونوں لمحات میری زندگی میں سب سے زیادہ پر سکون ہیں۔

واضح رہے کہ عالیہ بھٹ اس وقت اپنی نئی فلم “جِگرا” کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ یہ فلم ہدایتکار واسان بالا کی جانب سے بنائی گئی ہے اور ایک بہن کی کہانی کو بیان کرتی ہے جو اپنے بھائی کو بچانے کے لیے ایک مشکل سفر پر نکلتی ہے۔