پاکستان کی معروف اداکارہ سعدیہ امام کا کہنا ہے کہ آج تک فیصل قریشی کے ساتھ کام نہ کر پانے پر افسوس ہے۔
حال ہی میں پاکستان کی معروف اداکارہ سعدیہ امام نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے کہا کہ ان کی بڑی بہن عالیہ امام پاکستان ٹیلی وژن میں ملازم تھیں اور انہوں نے انہیں ایک بار پروگرام میں بطور مہمان بلایا، جس کے بعد ان کے کیریئر کا آغاز ہوا۔
سعدیہ امام نے کہا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی، انہوں نے اشتہارات سے کام کا آغاز کیا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اب ان کی عمر ہیروئن کے طور پر اسکرین پر آنے والی نہیں رہی اور حقائق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں آج تک فیصل قریشی کے ساتھ کام نہ کرپانے پر افسوس ہے، انہوں نے پی ٹی وی کراچی جب کہ فیصل قریشی نے پی ٹی وی لاہور سینٹر سے کیریئر کا آغاز کیا، دونوں الگ الگ سینٹرز پر ہوتے تھے، اس وجہ سے ایک ساتھ کام نہیں کر پائے۔




















