بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ارشد وارثی نے کہا ہے کہ میرے پاس اپنے کیرئیر سے متعلق کوئی شکایت نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکار ارشد وارثی اپنی نئی فلم ’بندا سنگھ چوہدری‘ کے ساتھ پردے پر واپس آ رہے ہیں۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں مزاحیہ کرداروں کے علاوہ بھی مختلف قسم کے کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس اپنے کیرئیر سے متعلق کوئی شکایت نہیں ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے مختلف اقسام کے کردار نبھانے کا موقع ملا ہے۔
ارشد وارثی کا کہنا تھا کہ جہاں بہت سے اداکار مزاحیہ کرداروں میں قید ہو کر رہ جاتے ہیں، وہیں ان کو سیریس کرداروں میں بھی سراہا گیا ہے۔
اداکار نے کہا کہ میں نے کبھی بھی اپنے کردار کی سنجیدگی کو متاثر نہیں ہونے دیا، چاہے وہ کسی مزاحیہ فلم میں ہو یا کسی سنجیدہ فلم میں۔
واضح رہے کہ ارشد وارثی نے اپنی کامیڈی سے سیریس کرداروں تک کی مختلف کامیاب فلموں میں کام کیا ہے، جن میں منا بھائی ایم بی بی ایس، لگے رہو منا بھائی، عشقیہ اور دھمال شامل ہیں۔




















