بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے پلاسٹک سرجری کروانے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری میں پہلی بار اپنی پلاسٹک سرجری اور بوٹوکس کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
انہوں نے لکھا کہ ان کے حوالے سے بعض ویڈیوز اور گمراہ کن آرٹیکل انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہے ہیں، جن میں کیے گئے دعوے بے بنیاد ہیں، ان میں کوئی سچائی نہیں۔
عالیہ بھٹ نے لکھا کہ ان سے متعلق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ نے مسلسل خوبصورتی بڑھانے کے لیے بوٹوکس کے انجکشن لگوائے اور دوسرے پروسیجرز کروائے جو کہ غلط ہوگئے۔

اداکارہ نے لکھا کہ پوسٹس اور ویڈیوز میں بے بنیاد دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پلاسٹک سرجری اور بوٹوکس کے پروسیجرز غلط ہونے کی وجہ سے عالیہ بھٹ کے چہرے کی ایک سائیڈ مفلوج ہوگئی۔
انہوں نے لکھا کہ ان کی جانب سے بوٹوکس کروانے اور ان کے چہرے کی ایک سائیڈ کے مفلوج ہونے سے متعلق کوئی تصدیقی حوالہ نہیں دیا گیا، ہوائی باتیں کی گئیں تاکہ انٹرنیٹ پر کلک بیٹس کے ذریعے پیسے کمائے جائیں۔
عالیہ بھٹ نے لکھا کہ خوبصورتی بڑھوانے سمیت دوسرے پروسیجرز کروانا ہر انسان اور خاتون کا حق ہے، جس کا جسم، اس کی اپنی مرضی ہوتی ہے لیکن ان سے متعلق کیے گئے دعووں میں کوئی سچائی نہیں، انہوں نے بوٹوکس کروائے نہ ان کا چہرہ مفلوج ہے۔




















