بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار چنکی پانڈے نے کہا ہے کہ میں کسی پر الزام لگانے کے بجائے اپنے کیریئر تباہ ہونے کی ذمہ داری خود لیتا ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار چنکی پانڈے نے بتایا کہ میں نے ایک ایسے وقت میں بالی ووڈ میں قدم رکھا جب ہر طرف ستاروں کی روشنی پھوٹ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 1986 میں اداکار گووندا نے بالی ووڈ میں انٹری دی، اس کے ایک سال بعد 1987 میں، میں نے قدم رکھا، اگلا سال عامر خان کا تھا، پھر اگلا سلمان خان اور 1990 میں اجے دیوگن نے بالی ووڈ میں قدم رکھا، اس کے بعد بڑے اسٹارز آتے رہے لیکن میرے لیے بس 1988 کا پورا سال شاندار تھا اور پھر سب کچھ ختم ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ وقت تھا جب بہت سے اسٹارز نے ایک ہی ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھا لیکن میں کسی پر الزام لگانے کے بجائے اپنے کیریئر کی ذمہ داری خود لیتا ہوں۔
چنکی پانڈے نے کہا کہ میں ایسا جوان خون تھا جو ہمیشہ کام کرنا چاہتا تھا اور پیسے کیلئے کسی بھی طرح کے کردار نبھانے کیلئے تیار تھا لیکن اگر آپ ایسا کرلیں تو کیریئر کی ترجیحات مختلف ہوجاتی ہیں، یہاں بھی قسمت کا ہاتھ ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر مجھے یہی زندگی دوبارہ ملے تو میں اس عمل سے ایک بار پھر گزرنا چاہوں گا کیونکہ میں نے اپنی زندگی کے اتار چڑھاؤ کو بھی انجوائے کیا۔




















